ممبئی:بیڑ ضلع کے گیورائی تعلقہ کے اردھا مسئلہ گائوں میں گزشتہ رات تین بجے کے قریب دو نوجوانوں نے آ کر جیلیٹن بم دھماکہ کیا تھا جس کے بعد مسجد کو شدید نقصان پہنچا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مہاراشٹرا کانگریس کمیٹی کے کارگذار صدر و سابق وزیر عارف نسیم خان نے آج بیڑ کے ایس پی نونیت کنوت سے ان کے موبائیل پر بات کی ۔ وہاں پر پیش آئے دھماکہ کی معلومات حاصل کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا انہوں نے مطالبہ کیا ۔ عارف نسیم خان نے بتایا کہ ضلع ایس پی نے انہیں معلومات دی ہے کہ اس دھماکہ کے معاملہ میں دو ملزمین کو پولس نے گرفتار کر لیا ہے جن کے نام شری رام سانگڑے اور وجئے گوہانے ہے ۔ عارف نسیم خان نے مہاراشٹرا کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پر امن ماحول برقرار رکھیں۔ انہوں نے بھارت کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد بھی پیش کی۔