پیر برہان نگر میں دو گروپوں کے درمیان معمولی جھگڑے پر پتھراو کا واقعہ،پولس نے فوری حالات پر قابو پالیا
ناندیڑ(نامہ نگار)آج19فروری بروز پیر شیو جینتی کے موقع پر کچھ شر پسند مسلم آبادی والے علاقے پیر برہان نگر میں آکر ہنگامہ آرائی کی۔آج 19 تاریخ کی دوپہر کو شہر کے پیربر ہان نگر علاقے میں سنگ باری کاواقعہ پیش آیا۔ پتھراو سے کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور حالات کو قابو میں کیا۔شہر کے ورکشاپ ایریا سے 19 تاریخ کو دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے کچھ نوجوان دو پہیہ گاڑیوں اور جھنڈوں کے ساتھ پیربرہان نگر گئے۔ جیسے ہی یہ ایس ٹی کوٹر کے قریب پہنچے تو دو گروپوں میں شور مچانے کی معمولی وجہ پر جھگڑا ہوگیا۔ اس کے بعد جھگڑا بڑھ گیا اور پتھراو شروع ہو گیا۔ اس موقع پر دونوں طرف سے شور شرابہ اور پتھراو ہوا اور شہری پریشان ہو کر بھاگ کھڑے ہوئے۔اس پتھراو میں ایک موٹر سائیکل، ایک بلیٹ گاڑی اور ایک اسکول بس کو نقصان پہنچا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ سری کرشنا کوکاٹے، اپر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور دیگر افسران اور اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور حالات کو قابو میں کیا۔ اس وقت اس علاقے میں امن ہے اور مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ کوکاٹے نے نوجوانوں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں۔