ناندیڑ:20فروری ( نامہ نگار) آئندہ ماہ 11مارچ سے ماہِ مقدس رمضان المبارک کا آغاز ہونے والا ہے، اس سلسلے میں آج کانگریس پارٹی کے ایک وفد نے میونسپل کمشنر ڈوئی پھوڑے سے ملاقات کرکے اُنھیں ایک میمورنڈم پیش کیا۔ جس میں بتایا گیا کہ آئندہ 11مارچ سے رمضان شروع ہورہے ہیں۔ اس کے مدنظر ناندیڑ شہر میں مسلم علاقوںاور مساجد کے اطراف روزانہ صفائی کی جائے اور کچرا اُٹھانے والی گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ گزشتہ سال وافر مقدار میں بارش ہونے سے وشنوپوری ڈیم میں بھی پانی کا ذخیرہ وافر مقدار میں موجود ہے۔ اس لیے رمضان کے دوران ایک وقف روزانہ آبی سربراہی کی جائے۔ جہاں جہاں پر بھی اسٹریٹ لائٹ بند ہے اُن کی فوری مرمت کی جائے اور ایل ای ڈی لائٹ بھی نصب کیے جائیں۔ اُسی طرح رمضان کے دوران افطار کے وقت پھل فروخت کرنے والے اور دیگر ہاکرس کو اُن کے کاروبار کے لیے جگہ مختص کی جائے۔ ساتھ ہی آئندہ 14 اپریل کے مدنظر ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر شہر میں آبی سربراہی کی جائے اور اُس دن بھی صاف صفائی کا بہتر نظم کیا جائے۔ اس وفد میں سابق میئر عبدالستار، سابق ڈپٹی میئر مسعود احمد خان، شمیم عبداللہ، عبدالغفار، سابق کارپوریٹر منتجب الدین، عبدالحفیظ باغبان، سید شیر علی، عبدالرشید، فاروق بدویل، واجد جاگیردار، ایڈوکیٹ سید واجد، سید شعیب حسین، چاند پاشاہ قریشی، عبدالعزیز قریشی و دیگر موجود تھے۔