

ناندیڑ۔ 24 مارچ ( نامہ نگار ):ان دنوں ماہ رمضان جاری ہے ، آئندہ دنوں عید الفطر ہوگی اس کے بعد ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر جینتی اور پھر رام نومی کا تہوار ہے۔ تہواروں کے مد نظر ان دنوں شہر کے مختلف تجارتی علاقوں میں لوگوں کا ہجوم نظر آرہا ہے۔ دن کے اوقات میں گرمی کے سبب لوگ مکانات سے باہر کم نکل رہے ہیں۔ زیادہ تر خریدی رات کے اوقات میں کی جارہی ہے۔ شہر میں پولس کی جانب سے 10 بجے کے بعد ہی دکانیں بند کروائی جارہی ہے ۔ اس سلسلہ میں آج ناندیڑ جنوب کے رکن اسمبلی موہن ہمبرڈے کے ہمراہ کانگریس پارٹی کے ایک وفد نے ضلع ایس پی شری کرشن کوکاٹے سے ملاقات کی ۔ اس وفد میں کانگریس کے شہر صدر و سابق میئر عبدالستار، بلاک صدر سبھاش رائے بولے، سابق ڈپٹی میئر مسعود احمد خان، شمیم عبداللہ، عبدالغفار، سابق کارپوریٹر منتجب الدین، سید شیر علی، علیم خان، فیروز خان، رمیش گوڑ بولے ، سید شعیب حسین، بابو بھائی کھوکھے والے، واجد جاگیردار، سریش ہٹکر، منا عباس حسین، عبدالعزیز قریشی ودیگر موجودتھے ۔ اس وفد نے ضلع ایس پی شری کرشن کوکاٹے سے کہا کے دوپہر کے اوقات میں گرمی کے سبب رمضان میں لوگ کم خریدی کر ر ہے ہیں ۔ رات کے اوقات میں چوک ، منیار گلی ، دیگلورناکہ ، قدوائی نگر، وزیر آباد، قدیم مونڈھا، نظام کالونی ، سری نگر، شیواجی نگر، پیر برہان نگر، نئی آبادی ، کھڑکپورہ، واگھی روڈ ان علاقوں میں لوگ خریدی کو نکل رہے ہیں۔ رات کے اوقات میں لوگوں کی سہولت کے لیے دکانوں کو رات دیر 12 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دینے کا ان سے مطالبہ کیا گیا۔ موہن ہمبرڈے نے بھی کہا کے آئندہ دنوں عید الفطر ، ڈاکٹر امبیڈکر جینتی اور رام نومی کا تہوار ہے اس لیے شہر میں لوگوں کی سہولت کے لیے دکانیں اور مارکیٹ رات دیر گئے تک کھلی رکھنے کی اجازت دی جائے۔